(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہیٹ سٹروک کے خدشے کے پیش نظر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے ہسپتالوں کے سربراہان کو ایڈوائزری جاری کردی گئی۔
ایڈوائزری کے مطابق 21 سے 27 مئی تک پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید ہیٹ ویو ہو سکتی ہے،ملتان ، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈی جی خان کے شہریوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔
ایڈوائزری میں ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ہیٹ ویو سے آگاہی کیلئے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں، تمام ہسپتالوں میں ایئر کنڈیشنر فعال اور واٹر کولر لگائے جائیں، تمام ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک کی ادویات، ڈرپس، او آر ایس کی دستیابی ممکن بنائی جائے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں،ہلکے رنگ کے کپڑوں کا استعمال کریں اور سر کو ڈھانپ کر باہر نکلیں،پانی کا زیادہ استعمال اور کاربونیٹڈ ڈرنکس سے پرہیز کیاجائے، او آر ایس کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
طبی ماہرین نے مزید کہا ہے کہ شہری گاڑیوں اور گھروں کی کھڑکیوں پر بلائنڈز اور شیڈز لگائیں، ایمرجنسی کی صورت میں فوری ہسپتالوں کا رخ کریں۔