(ویب ڈیسک)ماہرین کا کہنا ہے کہ سبزی خوروں کی غذاؤں کا تعلق بہتر صحت سے ہوتا ہے اور اس کے سبب قلبی امراض، کینسر اور قبل از وقت موت کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق ماہرین نے کہا ہے کہ کم پودوں پر مشتمل لیکن گوشت، خالص اجناس، چینی اور نمک سے بھرپور غذاؤں کا تعلق قبل از وقت موت کے اضافی خطرات سے ہوتا ہے۔تحقیق میں اس جانب بھی اشارہ کیا گیا کہ جانوروں پر مبنی غذاؤں کی کھپت میں کمی اور پودوں پر مبنی غذاؤں میں اضافہ قلبی مرض اور کینسر کے خطرات میں کمی لا سکتا ہے۔ تاہم، ان غذاؤں کے مجموعی فوائد اب تک واضح نہیں ہیں۔
تحقیق میں محققین نے جنوری 2000 سے جون 2023 تک شائع ہونے والے 48 مطالعوں کا جائزہ لیا اور پودوں پر مشتمل غذاؤں کے قلبی صحت اور کینسر کے خطرات سے تعلق کے حوالے سے شواہد مرتب کیے۔ معلوم ہوا کہ مجموعی طور پر سبزی خوروں کی غذاؤں کا بہتر صحت کے ساتھ مضبوط عددی تعلق تھا۔
سائنس دانوں کے علم میں یہ بات آئی کہ یہ غذائیں قلبی مرض، آنتوں اور پروسٹیٹ کینسر کے خطرات میں کمی سے تعلق رکھتی ہیں۔تحقیق کے نتائج بتاتے ہیں کہ پودوں پر مبنی غذائیں صحت کے بڑے فوائد سے تعلق رکھتی ہیں۔