پلاسٹک نہیں دیکھنا چاہتے، نئی نسل کو محفوظ پنجاب دینا چاہتے ہیں، مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے وفد سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ویژن کو سراہا، جین میریٹ نے ماحولیاتی امور کے بارے میں حکومت پنجاب کے اقدامات کی تعریف بھی کی۔
ایف سی ڈی او کے وفد میں ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جوموئیر، لاہور آفس کی سربراہ کلارا سٹیرینڈ ہوج، سینئر آفیسر نوید عزیز اور دیگر شامل تھے، سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیر بلدیات ذیشان رفیق، وزیر تعلیم رانا سکندرحیات، ارکان اسمبلی نوشین عدنان، ثانیہ عاشق اور سیکرٹریز بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پنجاب کے 6 سیکٹرز میں اشتراک کار کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا، ہیلتھ، ایجوکیشن، سوشل پروٹیکشن، ایئر کوالٹی، لوکل گورنمنٹ اور ریونیو موبلائزیشن ویسٹ مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ہیلتھ، ایجوکیشن اور دیگر سیکٹرز کو درپیش مسائل اور حل کیلئے روڈ میپ کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا پنجاب کے ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، او پی ڈی میں 80 فیصد اور ایمرجنسی میں 90 فیصد سے زائد مفت ادویات فراہم کر رہے ہیں، پنجاب بہت جلد ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہو گا، پنجاب کی 153 تحصیلوں میں ویسٹ مینجمنٹ کیلئے پائیدار اور خود کفیل سسٹم وضع کیا جا رہا ہے، سوشل اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کے ذریعے پنجاب کا مستند ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہنا تھا ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے انڈسٹری، ٹرانسپورٹ، زراعت اور میونسپل مینجمنٹ میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، ٹیکس نہیں بڑھائیں گے، دائرہ کار وسیع کرنے کے عمل کا جائزہ لے رہے ہیں، تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ اور تصدیق سے شفافیت اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔