قومی ٹیم نےملک کا نام بلند کیا، یقین ہے کہ یہ کھیل دوبارہ عروج حاصل کریگا : وزیراعظم
(لاہورنیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے پاکستان کے نام کو ہاکی کے میدان میں بلند کیا ، مجھے یقین ہے کہ ہاکی کا کھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم شہبازشریف ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ، وفاقی وزیر احسن اقبال شریک ہوئے جبکہ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی شہبازسینئر اور فلائنگ ہارس سمیع اللہ ، سابق اولمپیئن صلاح الدین بھی تقریب میں موجود تھے۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی،وزرا اورمعزز آفیشلز کو میرا سلام، آج آپ کے سامنے مہمان خصوصی بن کر نہیں آیا، تقریب کے مہمان خصوصی آج آپ ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج آپ کی شاندار کارکردگی کو یہاں سراہنے کیلئے موجود ہوں، پوری قوم اس بات کی گواہی دے رہی ہے آپ فائنل میں ہارے نہیں بلکہ جیتے ہیں، گزشتہ 2دہائیوں سے پاکستان کی ہاکی کی کارکردگی بہتر نہیں تھی، پاکستانی قوم منتظر تھی کہ آپ کب ہمارے ہیروز جیسی کارکردگی دکھائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وہ بہترین دن دوبارہ واپس آنا شروع ہوگئے ہیں، یہ آپ کی محنت کا نتیجہ اور ماں باپ کی دعائیں ہیں، آج آپ کی محنت رنگ لائی ہے، میں خود آپ کی کارکردگی سے متاثر ہوا ہوں، جس طرح آپ نے مقابلہ کیا وہ آپ کی ہار نہیں بلکہ آنے والے وقتوں میں آپ کی جیت کی نوید ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ جلد ہاکی فیڈریشن کے منتظمین کو دعوت دوں گا، ہم ہاکی کے میدان میں مزید خدمات انجام دیں گے، آنے والے ایونٹس میں تیاری کیلئے بھرپور ساتھ دیں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں نے ہاکی کا جدید سٹیڈیم بنایا تھا، گزشتہ 16ماہ ہمارے لیے مشکل تھے، ہمارے لیے چیلنج تھا کہ کس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا جائے؟ مخلوط حکومت کے تعاون سے ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں ڈیفالٹ سے بچایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اس بات کی فکر نہ ہو کہ کھیلنے کیلئے وسائل کہاں سے آئیں گے، ایک ہفتے کے اندر اندریہ پالیسی نافذ العمل ہونی چاہیے، رانا مشہود کو کہوں گا معاملات کو بہترین طریقے سے ٹیک اپ کریں، ہمارے مایہ ناز کھلاڑیوں کو مختلف ڈیپارٹمنٹ میں جگہ دی جائے، مجھے یقین ہے ہاکی کا کھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامی چیک بھی تقسیم کیے۔