(ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجھوکا نے درخواستوں پر سماعت کی ، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خالد یوسف چودھری اور سردار مصروف ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
جج افضل مجھوکا نے ریمارکس دیئے کہ اب تو حاضری سے استثنیٰ دے کر بھی درخواست ضمانت کا فیصلہ دیا جا سکتا ہے، جس پر وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں ایسے ضمانت کے فیصلے ہوئے ہیں جن میں ہماری ضمانتیں منظور ہوئی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہم دلائل کے لئے تیار ہیں بس بانی پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا گیا وہ حاضری کا ایشو رہا ہے، وقت مقرر کردیں ہم دلائل دینا چاہتے ہیں ۔
بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر مزید سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔