(لاہور نیوز) معروف اداکار، دانشور، ڈرامہ نگار اور پروفیسر شعیب ہاشمی کی آج پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔
1935ء میں پیدا ہونے والے شعیب ہاشمی نامور شاعر فیض احمد فیض کے داماد تھے، انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے اکنامکس میں ایم اے کیا اور پھر لندن سکول آف اکنامکس سے ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی، رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس، لندن سے تھیٹر کی تعليم بھی حاصل کی۔
شعیب ہاشمی گورنمنٹ کالج لاہور میں برس ہا برس درس و تدریس سے وابستہ رہے، 1970 کی دہائی میں شعیب ہاشمی نے پاکستان ٹیلی ویژن کیلئے کئی کامیڈی سیریل لکھے جس میں بچوں کی تعلیم کیلئے خاص پروگرام اکڑ بکڑ، سچ گپ، ٹال مٹول اور باؤ ٹرین بہت مقبول ہوئے۔
فنون لطیفہ اور ادبی خدمات کے اعتراف میں 1995ء میں حکومت پاکستان نے شعیب ہاشمی کو پرائڈ آف پرفارمنس اور تمغہ امتیاز سے نوازا، شعیب ہاشمی 15 مئی 2023 کو 84 سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔