رانا ثناء کا پی ٹی آئی سے بات کرنے کا بیان درست سمت ایک قدم ہے: فواد چودھری
(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کا پی ٹی آئی سے بات کرنے کا بیان درست سمت میں ایک قدم ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رولنگ پارٹیاں واضح کریں کہ کیا چاہتی ہیں، اعتماد کو فروغ دیا جائے تاکہ بات چیت کی جاسکے، بانی پی ٹی آئی اپنی رہائی یا ڈیل کیلئے بات چیت نہیں کریں گے، ان کا محور عوام ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی صدارت واپس ملنے پر مذاکرات ہو سکتے ہیں، ن لیگ کی اصل سیاست ہی نوازشریف ہیں، شہباز شریف کے پاس تو کچھ نہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں شور بہت مچ جاتا ہے، 2016 سے دیکھ رہا ہوں لوگ اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے، اگر وہ لڑائی ہار گیا تو عوام ہار جائیں گے۔
قبل ازیں اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فواد چودھری اپنے وکیل قمر عنایت راجہ اور فیصل فرید کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اور عدالت نے سابق وزیر کی حاضری لگائی۔
فاضل عدالت میں تاحال جج کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث کوئی کارروائی نہ ہوسکی، عدالت نے کیس کی سماعت 4 جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔