(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مستقبل پیپلزپارٹی کا ہے، ہم جمہوریت کو مضبوط کریں گے۔
گورنر پنجاب کی تقریب حلف برداری میں پی پی پی رہنماؤں، کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں پنجاب بھر کے جیالوں کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، بہت عرصے بعد پنجاب کے سب سے بڑے عہدے پر کسی جیالے کا بیٹھنا بہت اچھا لگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ملک کیلئے بھی بہت ضروری ہے کہ پی پی پی وہ سپیس واپس لے جو سیاسی کارکن کی سپیس ہے، دنیا میں بڑے بڑے انقلاب اور تبدیلیاں سیاسی ورکرز لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی، پولیس یا انتظامیہ کو پتہ ہو گا کہ اگر کسی جیالے سے زیادتی ہو گی تو گورنر سردار سلیم انہیں انصاف دلوائیں گے، صوبے کے عوام، وکلا یا کسان کے مسائل سننے کیلئے عوامی گورنر بیٹھا ہو گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکن کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ محنت سے وہ بڑا عہدہ بھی سنبھال سکتے ہیں، آپ پی پی پی کے کارکن ہیں تو عوامی گورنر بنیں گے، اس صوبے کے عوام کی نمائندگی کریں گے۔