(لاہور نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے قبل از حج آپریشن کا آغاز کردیا، لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 717 مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔
پہلی حج پرواز سے 329 عازمین حج روانہ ہوئے، عازمین کو پی آئی اے کے چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے رخصت کیا، لاہور ایئر پورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔
چیف پراجیکٹ آفیسر خرم مشتاق نے کہا کہ عازمین حج پاکستان اور پی آئی اے کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، پی آئی اے نے پاکستان اور مدینہ منورہ میں عازمین کی سہولت کے لئے خصوصی حج ٹیمیں تشکیل دی ہیں، پی آئی اے عازمین کو مدینہ منورہ اور جدہ پہنچا رہی ہے۔
خیال رہے کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں، لاہور ایئر پورٹ پر حجاج کرام کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 08 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 17 جون سے ہو گا۔