(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سابق چیمپئن ٹیم نے پشاور میں میچز کے انعقاد کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کے فرنچائز اونر جاوید آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ای میل میں اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ سیزن 10 کا کوئی میچ پشاور (ہوم گراؤنڈ) میں نہیں رکھا گیا۔
انہوں نے زلمی کے میچز ہوم گراؤنڈ پر منعقد کرانے کا کہتے ہوئے وینیوز میں پشاور کی شمولیت کا مطالبہ کرتے ہوئے سٹیڈیم کا بقیہ 20 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرنے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے تعاون کی بھی درخواست کی۔
جاوید آفریدی نے خط میں لکھا کہ ان کی ٹیم 13 مئی کو چیف منسٹر خیبر پختونخوا علی امین سے ملاقات کرے گی تا کہ سٹیڈیم کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز میں کوآرڈینیشن ممکن ہوسکے۔
انہوں نے محسن نقوی سے درخواست کی کہ پشاور میں پی ایس ایل کے میچز یقینی بنانے کیلئے ایک کمیٹی قائم کریں، اس سے کامیاب ایونٹ کے انعقاد میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے تعمیراتی کام کے بقیہ فنڈز کی بھی منظوری دے دی لہٰذا اب گیند بورڈ کے کورٹ میں آ گئی ہے۔