(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کوئٹہ کے نواب اکبر بگٹی کرکٹ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کردیا اور متعلقہ حکام کو سٹیڈیم کی حالت بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کوئٹہ میں بگٹی کرکٹ سٹیڈیم کادورہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سینیٹر انوارالحق کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
محسن نقوی نے سٹیڈیم کے مختلف حصے دیکھے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بگٹی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگیں گی اور میچ بھی ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے 3 ماہ میں سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کوئٹہ کے عوام کے لیے کرکٹ کے ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کوئٹہ اور کرکٹ گراؤنڈ کا دورہ کرنے پر مشکور ہیں، انہوں نے بلوچستان میں کرکٹ کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔