(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رسول پورہ میں گھی یونٹ پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران4500لٹر ملاوٹی، کُھلا اور مضر صحت گھی ضبط، 100 لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے گھی یونٹ سے ناقص گھی برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، فروخت کے لئے تیار مضر صحت گھی ٹین اور ڈرموں میں چھپا کر لاہور میں مختلف سنیکس اور نمکو یونٹس کو سپلائی کیا جانا تھا، کھلے آئل میں بدبو، فنگس زدہ دیواروں پر چھپکلیاں اور حشرات موجود، پرسنل ہائجین صفر پائی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا موقع پر کئے گئے ٹیسٹ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے معیار کے مطابق نہ تھے، مال ضبط کر لیا گیا، رسول پورہ میں واقع آئل فیکٹری ملاوٹ میں ملوث پائی گئی، بروقت کارروائی کرتے ہوئے لاہوریوں کو ناقص گھی کھانے سے بچا لیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا علی الصبح سخت ناکہ بندی کر کے 25 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 41 ہزار لٹر دودھ کا معائنہ، بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا، وزیر خوراک کی ہدایت پر خوراک کے معیار کی سختی سے مانیٹرنگ جاری ہے، تیاری سے ترسیل تک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، پنجاب بھر میں کھلے آئل کی فروخت اور خرید پر سخت پابندی عائد ہے، جعلسازی کرنے والے سے نمٹا جائے گا، خوراک کا کاروبار مقرر کردہ قوانین کے مطابق کریں۔