(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صحت مند پنجاب مشن پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔
گزشتہ ماہ 72 ہزار 546 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ ہوئی اور 73 مقدمات درج کئے گئے، ناقص انتظامات پر 214 یونٹس بند، 8 ہزار 186 یونٹس کو 10 کروڑ 33 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 6ہزار 293 لٹر ملاوٹی دودھ، 835 کلو ناقص گوشت، جعلی کولڈ ڈرنکس، گھی اور مصالحہ جات تلف کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں ناکہ بندیاں کر کے دودھ اور گوشت بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، مضر صحت گھی، کھلے مصالحہ جات اور ممنوعہ اجزاء کے استعمال پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، ناقص انتظامات اور فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کئے گئے، 32ہزار سے زائد فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کئے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے مزید بتایا کہ مارکیٹ میں سپلائی کی جانے والی اشیاء خورونوش کی تیاری سے ترسیل تک کے مراحل پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔