(ویب ڈیسک) ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پھلوں، سبزیوں، گری دار میوہ جات اور سالم اجناس سے بھرپور غذائیں پروسٹیٹ کینسر کے پھیلنے کے امکانات تقریباً 50 فیصد تک کم کرسکتی ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو میں ہونے والی تحقیق میں 2000 سے زائد امریکی مردوں نے شرکت کی جن میں 1999 سے 2018 کے درمیان پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
وہ مرد حضرات جن کی زیادہ تر غذائیں پودوں پر مشتمل تھیں ان میں کینسر کی نمو اور اس کے ہڈیوں تک پھیلنے یا بالآخر موت واقع ہونے میں کمی دیکھی گئی۔
تحقیق کے نتائج میں معلوم ہوا کہ طرزِ زندگی میں سادہ تبدیلیاں بیماری میں مبتلا مرد حضرات کو بھرپور زندگی گزارنے میں مدد کر سکتی ہیں۔
مطالعے میں محققین کومعلوم ہوا کہ وہ افراد جن کی غذا بھرپور طور پر سبزیوں پر مشتمل تھی ان میں پروسٹیٹ کینسر کے بڑھنے کے امکانات 47 فیصد تک کم تھے۔
جرنل جاما میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ نتائج بتاتے ہیں کہ بنیادی طور پر پودوں پر مشتمل غذاؤں کی کھپت ممکنہ طور پر مردوں میں پروسٹیٹ کینسر سے متعلقہ صحت کے بہتر نتائج سے تعلق رکھ سکتی ہے۔