(لاہور نیوز) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ عوام کیلئے الیکٹرک بسوں سمیت دیگر میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان سے برطانوی ہائی کمیشن لاہور آفس کی ہیڈ کلارا سترادج نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران پنجاب میں مختلف پراجیکٹس پر تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے برطانوی ہائی کمیشن لاہور آفس کی ہیڈ کو صوبے میں جاری مختلف پراجیکٹس اور ترجیحات بارے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو آسان سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے بائیکس سکیم شروع کی ہے، ہماری کوشش ہے طلبہ کو ہر حد تک سفری سہولیات فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے ٹرانسپورٹیشن کے مسائل حل کرنے کی طرف بھی خصوصی توجہ ہے،عوام کیلئے الیکٹرک بسوں سمیت دیگر میگا پراجیکٹس پر بھی کام جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،برطانیہ کے جدید اور بہتر ٹرانسپورٹیشن کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیں گے ۔
برطانوی ہائی کمیشن لاہور آفس کی ہیڈ کلارا سترادج کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کیساتھ مختلف پراجیکٹس اور امور پر مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔