9ماہ میں مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کیلئے 4807 ارب روپے خرچ ہوئے: وزارت خزانہ
(لاہور نیوز) رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کیلئے 4807 ارب روپے خرچ ہوئے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق جولائی سے مارچ تک بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کی مد میں 710 ارب روپے سے زائد خرچ کئے گئے، رواں مالی سال اسی عرصہ کے دوران سیلز ٹیکس کی مد میں 2237 ارب روپے اکٹھے کئے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں جولائی سے مارچ کے دوران 402 ارب روپے اکٹھے ہوئے، صوبوں نے سروسز پر سیلز ٹیکس کی مد میں 353 ارب، ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8 ارب روپے اکٹھے کئے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ فیس کی مد میں وفاق نے 35 ارب، پی ٹی اے منافع 6.5 ارب روپے موصول ہوا، جولائی سے مارچ کے دوران این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب کو 1865 ارب روپے، سندھ کو 946 ارب روپے ملے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جولائی سے مارچ کے دوران این ایف سی ایوارڈ کے تحت کے پی کو 623 ارب روپے جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کو 379 ارب روپے ملے۔