(لاہور نیوز) کمشنر سوشل سکیورٹی نادیہ ثاقب نے سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ میں پیڈز سرجری وارڈ اور نئے ایمرجنسی بلاک کے تعمیراتی کام کا افتتاح کر دیا۔
8 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے ایمرجنسی بلاک کے قیام سے مزدوروں کو ایک چھت تلے علاج معالجے کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی، پیڈز وارڈ میں سوشل سکیورٹی کے تحت مزدوروں کے بچوں کو سرجری کی سہولیات حاصل ہوں گی۔
نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر بارے کمشنر سوشل سکیورٹی کو بریفنگ بھی دی گئی، کمشنر سوشل سکیورٹی نے تین سے چار ماہ میں تعمیراتی کام مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا مزدوروں کے لئے لاہور، قصور اور سرگودھا میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر کی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پیسی مزدوروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔
کمشنر سوشل سکیورٹی نادیہ ثاقب نے کہا کہ جولائی میں مزید 32 ٹرینی سرجری ڈاکٹرز کے آنے سے ہسپتال کے شعبہ سرجری میں نمایاں بہتری آئے گی، انہوں نے یوم مزدور پر ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور مٹھائی تقسیم کی، کمشنرسوشل سکیورٹی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا۔
عالمی یوم مزدور پر پنجاب سوشل سکیورٹی کے دیگر ہسپتالوں اور دفاتر میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، سوشل سکیورٹی ہسپتال کوٹ لکھپت میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص کیلئے سکریننگ کیمپ بھی لگایا گیا۔