01 May 2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ حکومتی احکامات کی روشنی میں سستی روٹی اور نان کی فراہمی پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے متحرک ہو گئی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق ایک ہزار 250 مقامات کی چیکنگ کے دوران 90 تنوروں پر خلاف ورزیاں پائی گئیں،روٹی اور نان مقررہ قیمت پر فروخت نہ کرنے پر 23 مقدمات درج کر کے 12 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ 2 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی کیے گئے۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کر رہے ہیں، روٹی مزدور اور غریب آدمی کی بنیادی ضرورت ہے، روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کا سب سے زیادہ خیر مقدم غریب اور مزدور افراد کی طرف سے ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامی افسران کے مسلسل دوروں سے روٹی و نان کی فروخت مقرر کردہ نرخوں پر ہو رہی ہے۔