لاہور: (لبنیٰ ممتاز) پاکستان کے مشہور و معروف ڈرامہ نگار، مصنف اور اداکار کمال احمد رضوی کا آج 94 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔
باکمال اداکار کمال احمد رضوی یکم مئی1930 کو بھارت میں پیدا ہوئے، کمال احمد نے1958 میں19 سال کی عمر میں تھیٹر سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے اپنے فنی سفر میں اداکاری کے ساتھ ساتھ کئی یادگار ڈرامے لکھے اور ہدایت کاری کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوایا۔
پی ٹی وی کے مشہور ڈرامہ "الف نون" نے کمال احمد رضوی کی شہرت کو بام عروج پر پہنچا دیا، اس ڈرامے میں کمال احمد نے الن اور رفیع خاور نے ننھے کا کردار ادا کیا اور ان کی جوڑی خوب مشہور ہوئی۔
کمال احمد رضوی نے20 سے زائد ڈرامے تحریر کئے، خود ان ڈراموں کو ڈائریکٹ کیا اور ان میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے، ان کے مشہور ڈراموں میں چور مچائے شور، مسٹر شیطان، میرا ہمدم میرا دوست، آدھی بات، صاحب بی بی اور غلام شامل ہیں۔
1989 میں کمال احمد رضوی کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا، وہ17 دسمبر 2015 کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے اور ان کے انتقال سے ادب اور مزاح نگاری کا ایک باب بند ہو گیا۔