(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کے کوچز کا اعلان کردیا۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ جیسن گلیسپی کو ریڈ بال جبکہ گیری کرسٹن کو وائٹ بال کوچ مقرر کیا گیا ہے، اظہر محمود ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، تجربہ کار کوچز کی خدمات حاصل کی ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اظہر محمود دونوں ٹیموں کو جوڑیں گے، اظہر لندن میں اچھی جاب چھوڑ کر پاکستان آئے، ان کوچز کو لانے کا مقصد ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، جلد ویمنز ٹیم کیلئے بھی کوچ کا اعلان کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کرنا نہیں ہے، بورڈ کا کام پیسہ کھیل پر لگانا ہے، سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، پاکستان میں کرکٹ سٹیڈیمز میں تمام سہولیات فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ احسان اللہ کے بارے میں شکایت آئی کہ ان کی انجری کی ٹھیک سے تشخیص نہیں ہوئی، ان کا بیرون ملک سے علاج کروارہے ہیں، کوئٹہ میں سٹیڈیم کی دیوار گرنے سے تین بچے زخمی ہوئے تینوں کا علاج پی سی بی کروائے گا۔