(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سیف اپنی زبان کو سنبھالیں ورنہ ہمیں لگام ڈالنی آتی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر صاحب کا حلیہ ،زبان اور حرکتیں کے پی کے کی حکومت کی ٹک ٹاکرز، بدمعاشوں اور غنڈوں جیسی ہیں، بے شرمی، بے حیائی اور زبان درازی میں فتنہ پارٹی کا کوئی ثانی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن کی حکومت بنی گالہ اور اڈیالہ سے چل رہی ہے، انہیں مریم نواز کے طرز حکومت پر انگلیاں اٹھاتے شرم نہیں آتی؟، مریم نواز پنجاب میں ڈلیور کر رہی اور لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کر رہی ہیں، انہیں اصل تکلیف یہی ہو رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں زبان درازی میں نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی سے لے کر ان کے چمچوں تک سب ایک ہی سانچے میں تیار کئے گئے ہیں، پوری جماعت کے ایک بھی فرد کی آنکھوں میں حیا نہیں، ان کے منہ میں جو آتا ہے وہ فوراً مغلظات کی شکل میں باہر نکال دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کو چاہئے مستقل اڈیالہ جیل میں ہی شفٹ ہو جائیں، مریم نواز پنجاب کے تمام طبقات کے لئے بلا تفریق اقدامات اٹھا رہی ہیں۔