(ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے امریکی دفتر خارجہ کے بیان پر حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ کی خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے محروم حکومت آزاد خارجہ پالیسی کے حوالے سے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی، امریکی دھمکی پر دفتر خارجہ کی خاموشی حکومت کی خارجہ حکمت عملی پر کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی قومی مفاد پر مرکوز آزادانہ خارجہ پالیسی مرتب کرنے کا پورا اختیار حاصل ہے، بانی پی ٹی آئی نے تمام ممالک کیساتھ خوشگوار تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا، بانی پی ٹی آئی کو قوم کی حقیقی آزادی پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حالیہ امریکی بیان پر خاموشی ملکی سلامتی اور خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، قوم کو بتایا جائے کہ اس نوعیت کے ذلت آمیز احکامات کا سلسلہ آخر کب تک جاری رہے گا۔