(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے، جس کیلئے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کیساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں کراچی آیا اور میں شاہ صاحب کا شکر گزار ہوں، پچھلے دو تین ماہ میں میرا یہاں آنے کا پروگرام بنا مگر کچھ مجبوریوں کے باعث یہ نا ہوسکا، یہاں پر میرا گرم جوشی سے استقبال ہوا.
وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتیجے میں وفاق میں منقسم مینڈیٹ ملا، سندھ میں پیپلز پارٹی کو اللہ نے بھرپور موقع دیا، بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے، پنجاب میں ہمیں مینڈیٹ ملا۔
انہوں نے کہا کہ میرا وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے ساتھ بھائیوں والا تعلق بن گیا ہے، سندھ، پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، دوسرے صوبوں کی ترقی بھی ملک و عوام کی ترقی ہے، ہمیں ایسے فیصلے کرنے پڑیں گے جو اپنے لیے شاید پسند نہ ہوں۔
شہبازشریف نے کہا کہ ایرانی صدر تشریف لائے، آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں ایسے اور بھی وفود آئیں گے، سرمایہ کاری کیلئے اور بھی وفود پاکستان کا رخ کریں گے، ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے تو خوشحالی و ترقی کی گاڑی آگے بڑھے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں گے اوراس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔