(لاہور نیوز) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کاشتکاروں کو اپریل و مئی میں سونف کے گچھوں کو ایک ہی وقت میں کاٹنے کی بجائے علیحدہ علیحدہ کاٹنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سونف کی کٹائی اس وقت شروع کی جائے جب سونف کا پودا اپنا قد پورا کر چکا ہو اور گچھوں میں دانے زردی مائل ہو جائیں، سونف کا پودا جھاڑی نما ہونے کے علاوہ 3 سے 5 فٹ تک اونچا ہوتا ہے، اپریل کے آخر اور مئی میں سونف کے بیجوں کے گچھے پک کر تیار ہو جاتے ہیں اس لئے ان کی کٹائی میں احتیاط کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ جو گچھے پہلے پک جائیں انہیں پہلے کاٹ لیا جائے اور بعد میں پکے ہوئے گچھوں کو بعد میں ہی کاٹا جائے، کاشتکار کٹے ہوئے سونف کے گچھوں کو ٹاٹ پر بچھا کر سائے میں خشک کر لیں اور 2 سے 3 روز کے وقفہ کے دوران ان کو الٹاتے پلٹاتے رہیں اور جب تمام گچھے اچھی طرح خشک ہو جائیں تو بیج کو چھڑیوں سے الگ کر کے محفوظ کر لیا جائے، اس ضمن میں مزید معلومات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔