(لاہور نیوز) ہوشربا مہنگائی کسی کے قابو میں نہ آئی، پھل اور گوشت سمیت کچھ بھی سستا نہیں۔
آسمان کو چھوتی مہنگائی نے غریب کے چھکے چھڑا دیئے، سفید پوش کیلئے اس مہنگائی کے دور میں ایک وقت کا کھانا پکانا بھی مشکل ہو چکا ہے، امیر بھی پریشان ہے۔
سرکاری ریٹ لسٹ میں 10 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے گئے، پیاز کا سرکاری ریٹ 140 روپے کلو مقرر مگر 200 روپے کلو بیچا جا رہا ہے، ٹماٹر 5 روپے مہنگے، سرکاری قیمت 110 کی بجائے 180 روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں، لہسن چائنہ 5 روپے اضافے سے سرکاری ریٹ 645 روپے کی بجائے 750 روپے کلو میں بک رہا ہے، بینگن 10 روپے اضافے سے 90 روپے کی بجائے 140 روپے کلو اور آلو 65 روپے کی بجائے 100 روپے کلو بک رہے ہیں۔
دوسری طرف مہنگے پھل بھی سستے نہ ہوئے، غریب کے لئے خریداری خواب بن کر رہ گئی، سیب کالا کولو کا سرکاری ریٹ 280 روپے تاہم مارکیٹ میں 350 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں، کیلا درجہ اول 140 روپے کی بجائے 200 روپے درجن بیچے جا رہے ہیں، امرود 90 روپے کی بجائے 160 روپے اور خربوزہ 85 روپے کی بجائے 150 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے ملک پر مہنگائی مافیا کا راج ہے، سبزیوں، پھلوں اور برائلر گوشت سمیت کچھ بھی سستا نہیں، اب تو ایک وقت کا کھانا بھی پکانا بہت مشکل ہو چکا ہے۔
ادھر مارکیٹ میں برائلر مرغی کی سپلائی کھپت کے مقابلے بہتر رہی تاہم ریٹ نیچے نہ آئے، برائلر گوشت 697 روپے کلو جبکہ انڈے 254 روپے درجن فروخت ہو رہے ہیں۔