15 Apr 2024
(لاہور نیوز) سابق ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید نے 7 سال بعد بالآخر اپنی غلطی پر معافی مانگ لی۔
ناصر جمشید کو پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) اور بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں سپاٹ فکسنگ کی پاداش میں 10 سال کی پابندی کا سامنا ہے جبکہ برطانیہ میں 17 ماہ قید کی سزا بھی بھگتنا پڑی تھی۔
ناصر جمشید نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ جو انہوں نے اپنے کیریئر کے ساتھ کیا اس پر وہ خود کو معاف نہیں کر پائیں گے، وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید نے اپنی بیٹی کی ٹریننگ کی ویڈیو بھی پوسٹ کی اور لکھا کہ وہ اپنا ٹیلنٹ اپنی بیٹی کو منتقل کرنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ بیٹی کو بھرپور موقع دے سکیں۔
خیال رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید 2017 میں پی ایس ایل سکینڈل کے مرکزی کردار رہے تھے۔