(لاہورنیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر پاور اویس احمد لغاری ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی موجودہ معاشی صورتحال بجلی چوری جیسے مسئلے کی متحمل نہیں ہوسکتی، بجلی چوری میں سہولت کار افسران کیخلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسداد بجلی چوری مہم جیسے اقدامات کے ذریعے ایک مستحکم نظام تشکیل دیں،ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی اور ٹرانسمیشن لائنز کی اپ گریڈیشن کیلئے جلد حکمت عملی ترتیب دی جائے، جنریشن کمپنیاں سرکاری خزانے پر بوجھ ہیں ،نجکاری کیلئے کام شروع کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ٹرانسفارمرز پر سمارٹ میٹرز لگانے کے منصوبے پر کام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔