بانی پی ٹی آئی اپنی مخصوص سیاست سے الگ ہو جائیں تو معاملہ ختم ہو جائے: رانا ثنا اللہ
(لاہورنیوز) سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کسی دوسرے کا سیاسی وجود تسلیم کرنے پر تیار نہیں، وہ اپنی مخصوص سیاست سے الگ ہو جائیں تو معاملہ ختم ہو جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارابانی پی ٹی آئی سے تعلق سیاسی ہے، اس میں قتل کی بات کہاں سے آئی، بانی پی ٹی آئی ہمارا سیاسی وجود ختم کرنا چاہتے ہیں تو ہم کیسے اس کو تسلیم کریں، ہم بھی اس کے سیاسی وجود کو اس ملک میں فتنہ اور افراتفری سمجھتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست اس کے بانی کی سوچ کا محور ہے کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا، پیپلز پارٹی ہم سے پہلے پی ٹی آئی کے ساتھ اتحادی حکومت بنانے میں دلچسپی رکھتی تھی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سوچ نہیں چھوڑوں گا والی نہیں ہوتی تو آج ان کی اتحادی حکومت ہوتی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اتحادی حکومت کو چلانے کا شہباز شریف کو بہت تجربہ ہے، شہباز شریف کی جگہ کوئی اور ہوتا تو ان دنوں میں ہی معاملہ تلخ ہو جاتا، وزیراعظم شہباز شریف نے جو فیصلے کئے دانائی سے کئے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف عمرہ پرجائیں گے، اس وقت نوازشریف کے خلاف کوئی کیس نہیں وہ آزاد شہری ہیں۔