انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج : شیرافضل سمیت دیگررہنماؤں کی ضمانت کنفرم
(لاہور نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے کے مقدمے میں درخواست ضمانتوں پر سماعت کرتے ہوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف شعیب شاہین، علی بخاری، خالد خورشید خان، عامر مغل، سیمابیہ طاہر ستی، ایاز امیر، شیر افضل مروت اور ملک تیمور اسلم کی ضمانتیں کنفرم کرلی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ کوہسار میں درج مقدمات کے معاملے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، ملزمان کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی واقعات کے بعد 73 پر امن احتجاج کیے، ہمیں بھڑکانے کی کوشش کی گئی مگر ہم پر امن رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں جتنے بھی الزامات لگائے گئے ہیں وہ من گھڑت ہیں، بعد ازاں عدالت نے 5 , 5 ہزار روپے کے مچلکوں پر تمام رہنماؤں کی ضمانتیں کنفرم کردی ہیں۔
یاد رہے کہ 17 فروری کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا تھا، احتجاج کی قیادت شیر افضل مروت نے کی تھی۔
19 فروری کو پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں شعیب شاہین، شیر افضل خان مروت، امیر مسعود مغل اور علی بخاری سمیت 1500 افراد کے خلاف فسادات سمیت متعدد الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔