فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 8 دہشتگرد ہلاک
(ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ؕ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہائی ویلیو دہشتگرد کمانڈر سحرا جانان سمیت 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگرد 16 مارچ کو میر علی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردانہ حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد سحرا جانان قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوئے تھے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے تھے۔