(لاہور نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف اور کیپٹن احمد کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی، شہداء کی نماز جنازہ میں صدر آصف علی زرداری، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، سینئر فوجی افسران اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چکلالہ گیریژن میں صدر مملکت اور آرمی چیف نے شہدا کے لواحقین کو گلے لگا کر تعزیت کی۔
بعدازاں شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے نظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہے، پاک فوج نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری کے اعلیٰ معیار قائم کیے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بہادر بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا عظیم قربانی بہادر بیٹوں کے غیر متزلزل عزم کی مثال ہے جو ان کی شہادت کی صورت میں موجود ہے۔
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے تھے۔