مخصوص نشستوں بارے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے: بیرسٹر گوہر
(ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امید ہے سپریم کورٹ ہمارے حق میں فیصلہ دے گی، کسی بھی سیاسی پارٹی کو جیتی ہوئی سیٹوں سے زیادہ ریزرو سیٹیں نہیں مل سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری خواتین کی ریزرو سیٹوں کا شیڈول تبدیل کر دیا تھا، 80 سیٹیں نہ ملنا بہت بڑا ایشو ہے امید ہے سپریم کورٹ اس کا فیصلہ کرے گی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے حالات کی مناسبت سے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا تھا، ہم نے ایک سنجیدہ فیصلہ کیا تھا اب بھی اس پر قائم ہیں، سپریم کورٹ سے درخواست ہے ہمارے کیس کا جلد سے جلد فیصلہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں عدلیہ کا فیصلہ ہمارے حق میں ہو گا، آئی ایم ایف کو جو خط لکھا اس میں کہیں نہیں لکھا کہ پاکستان کو قرض نہ دیں، ہم نے آئی ایم ایف خط میں صاف اور شفاف الیکشن کی تحقیقات کا یاد کرایا تھا۔