صدر مملکت اور وزیراعظم کی شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت
(ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ وزیرِ اعظم نے واقعے میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے۔
وزیرِ اعظم نے شہداء کی مغفرت اور انکے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر کی دہشت گرد حملے میں شہید پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے میرعلی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے ، صدر مملکت نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا، صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے۔