(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی سفارش پر ایسے شخص کو وزیر خزانہ لایا گیا جو پہلے ہی منتخب کر لیا گیا، معاشی استحکام کیلئے سود، غیر ترقیاتی فنڈز اور آئی پی پیز سے معاہدے ختم کریں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہماری اور دوسری سیاسی جماعتوں میں فرق ہے، ہماری طرز صرف سیاست نہیں ہے، زندگی کا مقصد اچھے اعمال ہیں مرنے کے بعد لافانی زندگی ہمارے انتظار میں ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ الیکشن تو ہو گیا اس کے بعد نقطۂ نظر تھا کہ الیکشن جعلی ہے حکومت بھی جعلی ہو گی، ہماری نظر میں نہیں بین الاقوامی میڈیا کی نظر میں متنازعہ الیکشن اور متنازعہ حکومت بنی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ سب جماعتیں مختلف صوبوں میں حکومت میں ہیں، سیاسی حکومت بھی نوٹوں اور لوٹوں پر بنی، اس میں سے ایک چیز ہٹا دیں تو حکومت گر جائے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک سے سیاسی پولرائزیشن کو ختم کیا جائے وگرنہ جمہوریت ختم ہو جائے گی، فارم 47 والے حکومت، 45 والے سڑکوں پر آ گئے ہیں، ہمارے حلقے بھی چھینے گئے، الیکشن میں ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی، سپریم کورٹ سمیت تمام انصاف دینے والے دروازے کھٹکھٹائیں گے۔