(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے، ڈی جی ایف آئی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ایف آئی اے ملکی سلامتی اور سکیورٹی کا انتہائی اہم ادارہ ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ زیر التوا ترقی کے کیسز کو 30 دن کے اندر نمٹایا جائے، مؤثر اقدامات کے ذریعے ملک سے جعلی ادویات کی لعنت کا خاتمہ کرنا ہو گا، ایف آئی اے کو بجلی چوری کی روک تھام میں بھی کردار ادا کرنا ہو گا، انسانی سمگلنگ کا انسداد بھی انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یونان کشتی حادثہ کے سلسلے میں کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی، محسن نقوی نے کہا کہ مختلف ملکوں میں تعینات افسروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے، ڈالر کی ملک سے باہر سمگلنگ کو روکنے کیلئے جامع پلان وضع کیا جائے، ہنڈی حوالہ کا بھی مؤثر اقدامات سے سدباب کرنا ہو گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جعلی دستاویزات پر ملک سے روانگی اور آمد کو بھی روکا جائے، انٹرپول کے حوالے سے بہتر کام کیا گیا ہے اس میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے، افسروں کی استعداد کار کو بڑھانا انتہائی ضروری ہے، پولیس سٹیشنوں کی حالت کو بھی بہتر بنانا ہو گا۔