(ویب ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے۔
رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی ایک سیریس مسئلہ ہے، نہیں چاہتے کہ ملک میں کسی قسم کی دہشتگردی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے، لیکن حکومت کے ساتھ کس بات پر مذاکرات کریں؟ پارلیمان میں بات کرتے ہیں تو مائیک بند کر دیئے جاتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کرتے ہیں برف پگھلے اور آگے بڑھیں، لیکن حکومتی اقدامات ہمیں دوراہے پر لے جارہے ہیں، ہماری کوشش ہے پارلیمان میں بات کرکے آگے بڑھیں، بانی پی ٹی آئی سے ملنے آتے ہیں تو بھی قدغن لگایا جاتا ہے، ایسے حالات میں چلنا مشکل ہے لیکن اگلے ہفتے دیکھتے ہیں یہ کیا کرتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کی سماعت تھی، جج صاحب آئے ہوئے تھے، ابھی تک 6 گواہوں کی پروسیڈنگ مکمل ہو چکی ہے، آج باقی وکلا کی طرح ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔