(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی جانب سے ملک بھرمیں ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
عام انتخابات 2024 کے بعد قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 24 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونا ہے جس کے لئے ای سی پی کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بیلٹ پیپرز کیلئے خصوصی کاغذ کا انتظام کرلیا گیا ہے جبکہ ضمنی انتخابات کا شیڈول جلد ہی جاری ہوگا اور انتخابات میں الیکشن کمیشن کے افسران ہی ریٹرننگ افسر ( آر اوز ) ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدر مملکت بننے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 کی نشست خالی ہوگئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بھی اپنی اپنی قومی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایک قومی اور ایک پنجاب اسمبلی کی نشست چھوڑی ہے۔