(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے قلیل المدتی بجٹ کی اسمبلی سے منظوری لینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محکمہ خزانہ کو قلیل المدتی بجٹ اخراجات کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے گزشتہ اسمبلی اجلاس میں اکتیس مارچ تک ایک ماہ کے بجٹ اخراجات کی منظوری لی تھی۔ آئندہ تین ماہ کے بجٹ اخراجات کی اسمبلی سے اب منظوری لئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ کی تیاری مکمل کرنے کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا، حکومت پنجاب تین ماہ کے تیس جون تک کے بجٹ کی پنجاب اسمبلی سے منظوری لے گی، پنجاب اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے طلب کئے جانے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے تین ماہ بجٹ کیلئے خصوصی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کی جائے گی، وزیر اعلیٰ اور کابینہ کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ پنجاب کا تین ماہ کے بجٹ اخراجات کا تخمینہ پنجاب اسمبلی میں پیش کریں گے۔