(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج موسم خوشگوار اور آسمان پر بادلوں کا بسیرا ہے جبکہ آج سے 14 مارچ تک پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں نے کہا ہے کہ آج سے 14 مارچ تک لاہور سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ادھر ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج سے 14 مارچ تک پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا، طوفانی بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے، اس حوالے سے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے انتظامیہ کو 24 گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ مری انتظامیہ ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے اقدامات یقینی بنائے، بڑے شہروں میں نکاسی آب کے ذمہ دار ادارے ویک اینڈ پر الرٹ رہیں۔
انہوں نے اپیل کی ہے کہ شہری سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کو مد نظر رکھیں، طوفانی بارشوں کے باعث بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے پاس جانے سے گریز کریں۔