(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعۃ الوداع پر امریکی سفارتخانے کی جانب ملین مارچ کا اعلان کردیا۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، افسوس وزیراعظم شہبازشریف کی پوری تقریر میں غزہ کا ذکر نہیں تھا، رمضان المبارک کے 27 ویں روزے جمعہ کو امریکی سفارتخانے کی جانب ملین مارچ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دوبارہ امریکی سفارت خانے کی طرف آنا ہے، اگر رمضان کے مہینے میں حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو ہم ایوان صدر یا امریکی سفارت خانے میں داخل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت غزہ بچانےکےلیےجہاد کا اعلان کرے، اگرحکومت جہاد کا اعلان نہیں کرےگی توپھرہمیں غزہ کوبچانےکےلیےراستہ دیا جائے، اگرحکومت ہمارے راستےمیں رکاوٹ ڈالےگی توپھرسمجھیں گےحکومت نےاسرائیلیوں اور امریکیوں کا ساتھ دیا۔
سراج الحق نے کہا کہ آج ایوان صدرمیں آصف علی زرداری نے حلف اٹھایا ہے، چاروں اطراف ایسے چہرے تھے جو کئی سالوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، دو خاندان پاکستان پر مسلط ہوگئے ہیں، ان دوخاندانوں کی وجہ سے پاکستان کا خزانہ، تہذیب محفوظ نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ان ہی دوخاندانوں نے پاکستان کے خزانے کو نچوڑا ہے، یقین دلاتا ہوں ان دونوں خاندانوں کی آخری باری اور آخری وار ہے، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کا اعلان کیا تھا، اگرمارچ کے مہینے میں 300 یونٹ پر بجلی کا بل آیا تو پھر تمہارا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ اب جھوٹ کی سیاست نہیں چلے گی، ہم حقیقی حزب اختلاف کا کردارادا کریں گے، ہم حلف اٹھاتے ہیں جب تک ہماری جان میں جان ہے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔