آبشار ڈرائیونگ سینٹر میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام
(لاہور نیوز) خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ٹریفک پولیس کی جانب سے آبشار ڈرائیونگ سینٹر میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریب و واک کا اہتمام کیا گیا۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، تقریب میں لیڈی وارڈنز، سول سوسائٹی، ٹرینی خواتین کی بھی شرکت ہوئی، عمارہ اطہر نے لیڈی وارڈنز میں انعامات تقسیم کئے اور بعد ازاں لیڈی وارڈنز کے ہمراہ خواتین کے حقوق کی آگاہی کے لئے واک بھی کی۔
اس موقع پر سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا تھا خواتین کے عالمی دن پر ان خواتین کو سلام پیش کرتی ہوں جو اپنی فیملی کے لئے کام کرتی ہیں، جب تک خواتین ملکی خدمت میں حصہ نہیں ڈالیں گی معیشت آگے نہیں بڑھے گی، لیڈی آفیسر کی وجہ سے ہمارے محکمے کا کلچر چینج ہوا، لیڈی آفیسر وقت اور سوسائٹی کی ضرورت ہیں۔
ادھر خواتین کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پروٹوکول کی تین پائلٹ لیڈی وارڈنز کو ایک ایک لاکھ روپے کے انعامات دیئے، انعامات ملنے پر لیڈی وارڈنز نے کہا کیش انعامات ملنے پر بہت خوشی ہوئی جبکہ دیگر لیڈی وارڈنز کا کہنا تھا خواتین کو ہر شعبے میں چیلنجز کا مقابلہ کرکے آگے آنا چاہئے، خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے نظم بھی سنائی۔
تقریب میں سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے خواتین کا حوصلہ بڑھایا اور اچھی کارکردگی دیکھانے والی خواتین کو اسی طرح انعامات دینے کا بھی اعلان کیا۔