اننت امبانی کی شادی،بالی ووڈ ستاروں کی پاکستانی ڈیزائنرزکے تیار کردہ ملبوسات پہن کرشرکت
(ویب ڈیسک)بھارت کے بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں بالی ووڈ کے متعدد اداکار پاکستانی ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات پہنچ کر شریک ہوئے ۔
تفصیلات کےمطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ تقریبات میں دنیا بھر کی چند بااثر شخصیات اور نامور بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی تھی جن میں سماجی، سیاست، کاروباری، شوبز اور کھیلوں کی دنیا کی معروف شخصیات شامل تھیں۔
پری ویڈنگ تقریبات میں شرکت کرنے والے ہر شخص کو ایک ڈریس کوڈ دیا گیا تھا اور مشہور شخصیات نے اس کے مطابق لباس زیب تن کیاتھا، زیادہ تر شرکا کو بھارتی ڈیزائنرز کے ملبوسات میں دیکھا گیا لیکن ان میں سے چندبالی ووڈ اسٹارز ایسے بھی تھے جنہوں نے اننت امبانی کی پری ویڈنگ تقریبات کے لیے پاکستانی ذیزائنرز کے ملبوسات کو ترجیح دی۔
بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی کاک ٹیل پارٹی کے لیے معروف پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کے لباس کا انتخاب کیا جبکہ ارجن کپور بھی اپنے دوست رنبیر کپور سے متاثر نظر آئے اور اُنہوں نے بھی پاکستانی ڈیزائنر فراز منان کا تیارکردہ لباس زیب تن کیا۔
اسی طرح بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت بھی فراز منان کے لباس میں ملبوس نظر آئیں۔دوسری جانب معروف بالی ووڈ اداکارانیل کپور کی بیٹی سونم کپور نے بھی اس تقریب کے لیے پاکستانی ڈیزائنر حسین ریہر کا لباس زیب تن کیا۔
واضح رہے کہ 28 سالہ اننت امبانی رواں سال جولائی میں رادھیکا مرچنٹ سے شادی کریں گے، اس جوڑی کی ‘پری ویڈنگ’ تقریبات میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، امریکی گلوکارہ ریانا، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس، الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی، بلیک راک کے شریک بانی لیری فنک، آسٹریلیا کے سابق وزیراعظم کیون رڈ اور ایوانکا ٹرمپ، کینیڈا کے سابق وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر، کرکٹرز مہندر سنگھ دھونی اور ڈوین براوو نے بطورِ مہمان شرکت کی تھی۔
ان کے علاوہ شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، بچن فیملی، کپور خاندان، کترینہ کیف، رجنی کانت، رانی مکھرجی، بھارتی میوزک اسٹارز سمیت دیگر معروف بھارتی شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔