(لاہور نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں نام بنانے والے تھیٹر کے بادشاہ امان اللہ خان کو دنیا سے رخصت ہوئے چار برس بیت گئے۔
اداس چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے فن پر عبور رکھنے والے کامیڈی کنگ امان اللہ خان 1954ء میں گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے غریب گھرانے میں آنکھ کھولی لیکن اپنی حسِ مزاح سے زندگی کو شاندار بنا ڈالا۔
امان اللہ لڑکپن سے خاندان کا پیٹ پالنے کیلئے پھیری لگا کر چیزیں بیچتے رہے، انہوں نے کامیڈی کا باقاعدہ آغاز 1995ء میں تھیٹر سے کیا، اس دوران امان اللہ نے ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامہ پیش کیا اور بہت سے ڈراموں کو اپنی کامیڈی سے یادگار بنا دیا۔
نامور کامیڈین امان اللہ نے 2006ء میں پہلی فلم ’’ون ٹو کا ون‘‘ اور 2014ء میں فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ میں اداکاری کی، امان اللہ خان نے ٹی وی شوز میں بھی کام کیا، امان اللہ خان دنیا نیوز کے مقبول ترین پروگرام مذاق رات کا بھی حصہ رہے۔
انہوں نے بھارت سمیت مختلف ممالک میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور پاکستان کا نام روشن کیا، لگا تار 860 دن لائیو تھیٹر پرفارمنس بھی ان ہی کا اعزاز ہے۔
امان اللہ نے مسلسل 42 سال تک لوگوں کے دلوں پر راج کیا، حکومت پاکستان نے 2018ء میں فنی خدمات پر کامیڈی کنگ کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا، پھیپھڑوں اور دل کے عارضے کے باعث امان اللہ خان 6 مارچ 2020ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔