(ویب ڈیسک) ماضی کی مقبول ہیروئن انجمن کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی کسی پر فدا ہونے کا موقع ہی نہیں ملا کیونکہ سب لوگ ان پر فدا ہوا کرتے تھے۔
حال ہی میں انجمن نے دنیا ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ فلمی کیریئر کے دوران انہوں نے کم سے کم تین بار ترتیب وار پانچ پانچ سال کا وقفہ لیا تھا لیکن اس کے باوجود وہ جب بھی آتیں تو ان کی فلمیں پہلے سے زیادہ کامیاب جاتیں۔
انجمن کا کہنا تھا کہ فلموں کی شوٹنگ کے دوران وہ سلطان راہی کو تنگ کرنے کے لیے اداکار غلام محی الدین کو سیٹ پر آنے کی دعوت دیتیں اور پھر شوٹنگ ختم ہونے کے بعد سلطان راہی کے بجائے غلام محی الدین سے باتیں کرنے لگ جاتیں، جس پر ان کے ہیرو سلطان راہی کو غصہ آجاتا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سلطان راہی کی عادت تھی کہ وہ چاہتے تھے کہ فلم میں جو ان کی ہیروئن بنیں، وہ پھر ان کی ہی ہیروئن رہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انجمن نے بتایا کہ کافی عرصے تک سلطان راہی پر خواتین فدا نہیں ہوتی تھیں لیکن جب انہوں نے ان کے ساتھ مسلسل کام کرنا شروع کیا تو سلطان راہی سے خواتین بھی محبت کرنے لگیں۔
ماضی کی مقبول اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں شکوہ کیا کہ انہیں کسی پر فدا ہونے کا موقع ہی نہیں ملا، وہ اتنی مشہور تھیں کہ ہر کوئی ان پر فدا ہوجاتا تھا، اس لیے ان کا کوئی بھی کرش نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ حالیہ دور کے ٹی وی سیریلز میں نئے اداکاروں کے ساتھ کام کریں۔