(ویب ڈیسک) حارث رؤف کے زخمی کندھے کا علاج فرنچائز کرانے لگی، پی سی بی میڈیکل پینل نے فی الحال کوئی مشورہ تک دینا مناسب نہ سمجھا جب کہ پیسر نے معاہدہ بحال کرنے کی اپیل کر دی۔
دورہ آسٹریلیا سے انکار پر 15 فروری کو پی سی بی نے حارث رؤف کا سنٹرل کنٹریکٹ معطل کر دیا،ساتھ 30 جون تک ہر غیرملکی لیگ میں شرکت پر پابندی بھی عائد کر دی تھی، اس کے 10 روز بعد کندھا اترنے کی وجہ سے انہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل سے بھی باہر ہونا پڑا، اس وقت تک حارث نے چار میچز میں حصہ لیا تھا،انہیں صحتیاب ہونے میں 4 سے 6 ہفتے لگیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ انجری کے بعد حارث کا علاج ان کی فرنچائز لاہور قلندرز کروا رہی ہے، پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر نے حال پوچھنے کا پیغام ضرور بھیجا لیکن مالی معاونت کی بات نہیں کہی،اس طرح میڈیکل پینل نے بھی ان کو کسی قسم کا کوئی مشورہ نہیں دیا۔
دوسری جانب گذشتہ دنوں حارث رؤف نے سزا کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے، انہوں نے موقف اپنایا کہ زندگی میں موجودہ مقام پاکستان کرکٹ کی وجہ سے ہی ملا اسے اہمیت نہ دینے کا وہ سوچ بھی نہیں سکتے،کافی عرصے سے ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی اس لیے آسٹریلیا جانے پر تھوڑی ہچکچاہٹ تھی، اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ملک پر لیگز کو ترجیح دے رہے ہیں، انہوں نے بورڈ سے معاہدہ بحال کرنے کی درخواست بھی کر دی۔ اپیل کا جائزہ لیے جانے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا، البتہ دوبارہ کنٹریکٹ ملنے کا امکان روشن ہے۔
یاد رہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں حارث رؤف کا شمار پاکستان کے اہم بولرز میں ہوتا ہے، ورلڈکپ میں بھی ٹیم کو ان سے بلند توقعات وابستہ ہوں گی۔