(ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی سابق اہلیہ اور بھارت کی معروف ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی سوشل میڈیا پر حالیہ پوسٹ نے مداحوں میں بے چینی پھیلا دی،دراصل انہوں نے ذو معنی الفاظ میں دل کا احوال سنایا ہے ۔
ثانیہ مرزا، پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے خلع لینے کے بعد سے سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آ رہی ہیں مگر اُن کی ہر آنے والی پوسٹ میں دکھ، درد اور تکلیف کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔گزشتہ ماہ کے آخر میں ثانیہ مرزا کے والد نے اُن کی شعیب ملک سے خلع کی تصدیق کی تھی مگر تاحال ثانیہ نے شعیب ملک سے اپنی علیحدگی پر کوئی باضابطہ طور پر بیان یا ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔
ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام پر جاری پیغام میں اپنی زندگی کی کہانی بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’کچھ دن وہ جنگجو بنی رہتی ہے، کچھ دن وہ ٹوٹی اور بکھری ہوئی رہتی ہے، زیادہ تر دن اُس کے لڑتے ہوئے اور بکھرے ہوئے گزرتے ہیں، لیکن وہ ہر روز حالات کا سامنا کر رہی ہے، کھڑی ہے، لڑ رہی ہے اور کوشش کر رہی ہے، وہ (خاتون) میں ہوں ۔