(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، مولانا صاحب کو کھونا نہیں چاہتے، انکے موقف سے سو فیصد متفق ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے الزامات ہوں یا کسی اور کے انکوائری ہونا چاہیے، تحقیق سے قبل تو الزام، الزام ہی ہے، کوئی کہتا ہے کے پی میں مینڈیٹ چرایا گیا تو وہاں چرانے والا کوئی اور ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اگر مینڈیٹ چرایا گیا ہے تو وہاں کوئی اور ہے؟، پنجاب میں ہم پر الزام ہے، سندھ اور بلوچستان میں کسی اور پر الزام ہے، دھاندلی الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو ووٹ دینے کیلئے حمایت کی درخواست کی، دیکھیں آج وہ آتے ہیں یا نہیں آتے،ان کے تحفظات حقیقی ہیں ،ان کے موقف سے ہم 100 فیصد متفق ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا صاحب کو کھونا نہیں چاہتے، انہوں نے ہماری پہلے بھی رہنمائی کی، امید ہے وہ اب بھی رہنمائی کریں گے۔