(لاہور نیوز) لاہور میں اب شادی ہالز ، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور کمرشل مارکیٹس پر صفائی ٹیکس لگانے کی تجویز دے دی گئی۔
شہر لاہور کی کمرشل مارکیٹوں میں کتنا صفائی ٹیکس لگایا جائے گا؟ ہاؤسنگ سوسائٹیز ، انڈسٹریز اور گودام لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ٹیکس ریڈار پر آ گئے، اس حوالے سے ورکنگ پیپر اور سمری تیار کر لی گئی، کمرشل یونٹس پر ٹیکس لگانے کی منظوری دی جائے گی، ایل ڈبلیو ایم سی 97 ہزار کمرشل یونٹس سے صفائی ٹیکس وصول کر رہی ہے، ایل ڈبلیو ایم سی نئے ٹیکس میں 5 لاکھ 50 ہزار کمرشل یونٹس پر صفائی ٹیکس لاگو کرے گی۔
سمری کے مطابق ایک مرلہ دکان پر سالانہ 1 ہزار روپے صفائی ٹیکس ، 2 سے 5 مرلہ دکان پر سالانہ 2 ہزار روپے صفائی ٹیکس، بینک اور کمرشل مارکیٹس یونٹس سے 48 سو روپے سالانہ، شادی ہالز، برانڈ شاپ ،شاپنگ مال اور پرائیویٹ کلینک سے 72 سو روپے، ہوٹل ، ریسٹورنٹس ، انڈسٹریل یونٹس پر 9 ہزار 6 سو روپے صفائی ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ بڑی مارکیٹس جن میں مال روڈ ، ہال روڈ ، شادمان، مون مارکیٹ، گلشن راوی ، گلبرگ ، لبرٹی ، ایم ایم عالم روڈ اور شاہ عالم مارکیٹ شامل ہیں ان پر بھی صفائی ٹیکس اے کیٹیگری میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔
ابتدائی مرحلے میں صفائی ٹیکس لاگو ہونے پر 22 ارب 28 کروڑ روپے اکٹھے ہوں گے، کمرشل صفائی ٹیکس لاگو کرنے تجاویز کی سمری پر بریفنگ وزیر اعلیٰ پنجاب کو دی جائے گی، صفائی ٹیکس وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری سے مشروط ہے۔