(لاہور نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں خاتون سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے تینوں لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق عارف والا کے نواحی گاؤں میں 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اس دوران ایک شخص گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گیا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ملزموں کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ادھر بہاولنگر کے نواحی علاقے کے قریب نہر سے پانچ روز قبل لاپتہ ہونے والی خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا اور قتل کی وجوہات جاننے کیلئے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری جانب شجاع آباد کے علاقے سکندر آباد میں بھی گھر سے نوجوان کی لاش ملی ہے جسے نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کیا، مرنے والے شخص کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا۔