(لاہور نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں (پی ٹی آئی) کی کارکن صنم جاوید اور سابق رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دنوں کی توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے تھانہ شاد مان میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دنوں کی توسیع کرتے ہوئے 11 مارچ کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی تھی۔
واضح رہے کہ صنم جاوید کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے کے کیس میں ضمانت ملنے کے بعد تھانہ شادمان میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، انویسٹی گیشن پولیس نے صنم جاوید کو دہشت گردی کے مقدمہ نمبر 768 میں گرفتار کیا تھا۔